شجاعت حسین 125

جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزازافواج ،ملک کیلئے غیر معمولی ، تاریخی اعزاز ہے’ شجاعت حسین

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے خطاب سے نوازا جانا نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری افواج پاکستان اور ملک کے لیے ایک غیر معمولی اور تاریخی اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا اعزاز ان سے پہلے 1959 میں جنرل ایوب خان کو ملا تھا اور اب یہ اعزاز 66 سال بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملا ہے، جو پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، جوائنٹ چیف جنرل ساحر شمشاد، ائیر چیف مارشل زہیر احمد بابر سدھو، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور افواج پاکستان نے جس جرات، دلیری اور ایمانی قوت کے ساتھ دشمن کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی وہ قابل تحسین ہے۔ ان کے مطابق حالیہ جنگ میں افواج پاکستان نے بھارت کو واضح شکست دی، جس میں قومی غیرت، فوجی مہارت اور اللہ تعالی پر کامل یقین کا مظاہرہ کیا گیا۔چوہدری شجاعت حسین نے اس موقع پر پوری قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے اور ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں