جماعت اسلامی 189

جماعت اسلامی نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو مسترد کردیا

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) جماعت اسلامی پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو مسترد کردیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر جماعت اسلامی پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سود، مہنگائی کے خلاف 11 جون لاہور سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جان لیں عوام اب قربانی کا بکرا بننے کو تیار نہیں، قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدوں کو مسترد کرتے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے پارلیمنٹ میں لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی اور اشرافیہ کی مراعات کم کی جائیں، حکمران اپنے اخراجات تو کم نہیں کرتے،عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرول مزید مہنگا کیا گیا، پیٹرول مہنگا ہونے سے عوام کے اوسان خطا ہو گئے، مہنگا پیٹرول خریدنا عوام کیلئے مشکل ہے، اتحادی حکومت نے بھی عوام کو رتی برابر ریلیف نہیں دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں