سعید غنی 16

تاریخ مسخ نہیں کرنی چاہیے، بچوں کو سچ بتانا ہوگا، سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی تاریخ کو کسی صورت مسخ نہیں کرنا چاہیے اور ملک کے قیام سمیت اس کے بعد پیش آنے والے تمام حقائق بچوں کو سچ بتانے چاہئیں تاکہ انہیں سچ سننے کی عادت ہو۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار تکریم اساتذہ فاؤنڈیشن کے تحت ڈی ای او آفس ڈسٹرکٹ ایسٹ میں منعقدہ یوم آزادی پاکستان کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی او پرائمری اینڈ سیکنڈری، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تعلقہ ایجوکیشن افسران، مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات، اساتذہ، پرنسپلز اور دیگر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے یوم آزادی کی مناسبت سے ٹیبلوز اور قومی نغموں پر شاندار پرفارمنس پیش کی۔

سعید غنی نے کہا کہ یہ اچھی روایت ہے کہ پوری قوم جشن آزادی شایان شان طریقے سے مناتی ہے اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات میں جو جذبہ نظر آرہا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں اسکولوں میں پاکستان کے قیام اور اس کے بعد کے حالات کے بارے میں جو کچھ پڑھایا جاتا رہا، وہ مکمل حقائق پر مبنی نہیں تھا۔ بچوں کی کم عمری میں ان کے ذہنوں میں جو باتیں ڈال دی جائیں وہ طویل عرصے تک ان کے ذہنوں میں رہتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں ملک کی تاریخ کے تمام حقائق سے آگاہ کیا جائے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان بننے کے وقت ملک کے حالات اچھے نہیں تھے اور قیام پاکستان کے بعد کئی سال تک ملک کو جس طرح چلایا گیا، اس کی حقیقت بھی بچوں کو بتانی چاہیے۔

تاریخ سچ ہوگی تو ہم اس سے سبق سیکھ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں منفی کردار دکھایا گیا، حالانکہ بعض معاملات میں مثبت کردار کو مسخ کرکے پیش کیا گیا۔ ہمیں بچوں کو سچ بتانا ہوگا تاکہ وہ سچ سننے اور سمجھنے کی عادت اپنائیں۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ ماضی میں ملک میں جو کچھ ہوا اس کے باوجود آج پاکستان دنیا کے کئی ممالک سے بہتر مقام پر ہے۔ اگر ہم اپنے آپ کو درست کرلیں تو ملک خود بخود درست سمت میں گامزن ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سوچ درست کرنے کی ضرورت ہے، جس دن ہم نے یہ طے کرلیا کہ غلط کو غلط اور درست کو درست قرار دینا ہے، اسی دن ہمارے بہت سے مسائل حل ہونے کی بنیاد پڑ جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں