اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں سیلاب اور گلیشیائی جھیل پھٹنے سے ہونے والی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ غیرمعمولی درجہ حرارت کے باعث پھٹنے والے گلیشئیرز گلگت بلتستان کے لئے ایک بڑا موسمیاتی چیلنج بن چکے ہیں۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ دیامر، استور، غذر، ہراموش، نلتر، ہسپر اور گانچھے سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب کے بعد کی صورت حال پر فکرمند ہوں۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے مختلف علاقوں کا زمینی راستہ منقطع ہونے کی وجہ سے عوام اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا کسی ایک حکومت کے بس کی بات نہیں ہے، وفاقی حکومت کو اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ بلاول بھٹو زر داری نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کی حکومت سیلاب کی وجہ سے بند ہونے والے راستوں کو کھولنے کے حوالے سے اپنے کام کی رفتار میں مزید تیزی لائے۔ بلاول بھٹو زر داری نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں سیلاب کی وجہ سے منقطع ہوجانے والے راستوں کے باعث عوام اور سیاحوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔









