عشرت العباد خان 16

بدانتظامی، سیاسی محاذ آرائی اور گورننس کا فقدان پاکستان کے بڑے مسائل ہیں، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز یافتہ شخصیت اور “میری پہچان پاکستان” کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش بیشتر مسائل کی بنیادی وجہ بدانتظامی، کمزور طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی عدم استحکام اور عوامی مسائل سے لاتعلقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی اصلاحات، قومی مفاد، بہتر گورننس اور سیاسی برداشت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ ہیں۔لینڈھی میں منعقدہ دعوتِ حلیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ملک اس وقت جن سیاسی، معاشی اور انتظامی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ان کا حل محاذ آرائی، الزام تراشی اور نفرت کی سیاست میں نہیں بلکہ قومی اتفاقِ رائے، مؤثر حکمرانی اور عوامی مسائل کے حل میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل پسِ پشت چلے گئے ہیں جبکہ سیاسی قوتیں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور محاذ آرائی میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت، آبادی اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق انتظامی اصلاحات ہر ریاست کی ضرورت ہوتی ہیں، اس لیے انتظامی یونٹس اور صوبائی معاملات کو سیاسی مفادات یا انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے قومی مفاد اور عوامی فلاح کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے بقول مضبوط ریاستیں ہمیشہ شفافیت، میرٹ، مؤثر اداروں اور عوامی خدمت کے اصولوں پر استوار ہوتی ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ افواجِ پاکستان، سیکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں،

جبکہ دوسری جانب سیاسی قیادت کا بڑا حصہ ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قوم کو تقسیم کرنے کے بجائے اتحاد، برداشت اور مثبت سیاسی کلچر کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کراچی کی سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف سیاسی گروہوں کے درمیان جاری کشمکش اور برتری کی سیاست نے شہری مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

ان کے مطابق بنیادی سہولیات کی کمی، بے روزگاری، بلدیاتی مسائل اور امن و امان جیسے اہم معاملات فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔سابق گورنر سندھ نے نوجوانوں کو پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں معیاری تعلیم، ہنر، روزگار اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی مایوسی کا خاتمہ اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ قومی ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی صرف سرحدوں کے دفاع کا نام نہیں بلکہ معاشی استحکام، سیاسی ہم آہنگی، سماجی انصاف اور عوامی خوشحالی بھی اس کے بنیادی ستون ہیں۔ جب تک عوام کو انصاف، روزگار اور بنیادی سہولیات میسر نہیں ہوں گی، ترقی کا سفر مکمل نہیں ہو سکتا۔عالمی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت مستقبل کی سمت کا تعین کر رہی ہیں، لہٰذا پاکستان کو بھی عالمی تقاضوں کے مطابق اپنی ترجیحات مرتب کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اگست کا مہینہ آزادی، قربانیوں اور قومی تشخص کی یاد تازہ کرتا ہے۔

زندہ قومیں اپنی آزادی کا جشن قومی اتحاد، ترقی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ مناتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ “میری پہچان پاکستان (MPP)” ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات منعقد کر رہی ہے تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور پاکستان سے محبت کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی جماعتیں، ریاستی ادارے، کاروباری طبقہ، سول سوسائٹی اور نوجوان مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں،

کیونکہ دیانت دار قیادت، مؤثر گورننس، قانون کی بالادستی اور میرٹ ہی پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچا سکتے ہیں۔تقریب میں میری پہچان پاکستان (MPP) کے رہنماؤں، سماجی شخصیات، تاجر برادری، کارکنان اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکائ نے قومی یکجہتی، بہتر طرزِ حکمرانی، نوجوانوں کے لیے مواقع کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں