شرجیل انعام میمن 24

بارشوں کی پیشگوئی، تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں: شرجیل میمن

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں مون سون کی شدید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی، ٹاؤن اور یوسی انتظامیہ کو اسٹینڈ بائی رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو بھی ہنگامی اقدامات یقینی بنانے اور ہر قسم کی صورتحال سے فوری نمٹنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہیوی مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر ضروری آلات و وسائل پہلے سے پہنچائے جا رہے ہیں، جبکہ کراچی، جامشورو اور سکھر سمیت مختلف شہروں میں ایمرجنسی رسپانس مراکز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو فوری امداد اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔سینئر وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں