لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کو مبارکباد دینے پر کوہلی کی گزشتہ سال کی انسٹا اسٹوری وائرل ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا فائنل گزشتہ روز بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا۔آسٹریلیا کی فتح کے بعد دنیا بھر کے معروف سابق کرکٹرز سمیت موجودہ کرکٹرز نے فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کی جن میں پاکستانی کرکٹرز بھی شامل تھے تاہم ان سب میں ایک کرکٹر کی انسٹاگرام اسٹوری سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
پاکستان کے سابق کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کی جیت کے بعد انسٹاگرام کی اسٹوری پر لکھاکہ کرکٹ آسٹریلیا کو مبارک ہو، فائنل میں آپ نے کیا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔بابراعظم کی اس اسٹوری پر مداحوں کو گزشتہ سال 2022 میں کھیلا جانے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل یاد آگیا جس میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔انگلش ٹیم کی اس جیت کے بعد بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ مبارک ہو انگلینڈ، آپ اس جیت کے مستحق تھے۔
اب بابراعظم کی جانب سے آسٹریلیا کو مبارکباد پیش کرنے کے بعد صارفین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ یہ بھارتی کرکٹر کے ساتھ مکافاتِ عمل ہوا۔متعدد صارفین نے کوہلی کی پرانی اسٹوری پوسٹ کی اور تبصرے کیے۔ایک خاتون صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بابر نے یہ پوسٹ کسی مقصد کے تحت کی ہے۔ایک اور صارف نے اسے نیوٹن کی تھرڈ لا قرار دیا جس کے مطابق ہر عمل کا کوئی نہ کوئی ردعمل ضرور ہوتا ہے۔