لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ معاذ صداقت کو پاکستان ٹیم کی شرٹ پہنے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،کل کی بات لگتی ہے پشاور میں میرے گھر مجھے ایک لڑکا ملنے آیا، بھائی ہارون کے ساتھ آنے والے لڑکے کا پاکستان کے لیے کھیلنا خواب تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر معاذ صداقت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ اس نوجوان لڑکے کی آنکھوں میں بہت اُمیدیں تھیں اور دل میں عزم تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسی بچے معاذ صداقت کو پاکستان کی شرٹ پہنے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، مجھے امید ہے کہ یہ خوبصورت سفر کا آغاز ثابت ہو گا۔محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کی شرٹ پہننے کا خواب ہو یا کچھ اور حاصل کرنا ہو محنت، صبر اور اللّٰہ پر یقین رکھیں۔وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ صاحبزادہ فرحان اور قومی ٹیم کو ہوم سیریز جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان زندہ باد۔واضح رہے کہ گزشتہ روز معاذ صداقت نے 96 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔









