کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد شہر میں جامعات لانا چیلنج بن چکا ہے۔
کراچی میں تعلیم و تربیت کے لیے نئے کورسز متعارف کروانے کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دنیا بھر میں نوجوان افرادی قوت کی مانگ بڑھ رہی ہے اور چین جیسے ترقی یافتہ ملک بھی پاکستان کے نوجوانوں سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں تاہم اٹھارویں ترمیم کے بعد ملک میں نئی جامعات کا قیام ایک چیلنج بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر نہ دیا گیا تو ترقی کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔انہوںنے کہا کہ حکومت خالی عمارتوں کو تعلیمی مراکز میں تبدیل کر کے حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، دو جامعات قائم ہو چکی ہیں اور آٹھ مزید کیلیے کوششیں جاری ہیں۔خالد مقبول نے کہا کہ ہم شاید دنیا کے آخری ممالک میں ہیں جہاں جاگیردارانہ نظام باقی ہے۔