اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ امن ہماری خوشحالی ہے’سیکیورٹی میں بہتری کے ساتھ معیشت کو بھی فروغ ملتا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بدھ کے روز اسلام آباد میں منعقدہ ”لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ 2025” کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، افتتاحی سیشن میں نٹ شیل گروپ کے بانی محمد ظفر احسن سمیت ماہرین اقتصادی امور، سرمایہ کار و بزنس کمیونٹی شریک تھے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے اپنے خطاب میں اہم نوعیت کے بزنس سمٹ 2025 کے انعقاد کو خوش آیئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز سے ہمیں دنیا کے رہنماؤں سے سیکھنے اور شراکت کے مواقع میسر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش غیر یقینی حالات، تکنیکی ترقی اور عالمی تبدیلیوں کے اس دور میں ہمیں اجتماعی بصیرت، جدت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔خیبرپختونخوا کو اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنا رہے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اقتصادی ترقی حکومتوں یا کمپنیوں کے سربراہان کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ سفر ہے جس میں ہمیں غیر یقینی صورتحال کو مواقع میں بدلنا ہے۔
گورنر نے اپنے خطاب میں خیبرپختونخوا کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ صدیوں سے وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا آیا ہے، اور آج بھی یہ علاقہ تجارت، ثقافت اور ترقی کے لیے بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امن ہماری خوشحالی ہے’سیکیورٹی میں بہتری کے ساتھ معیشت کو بھی فروغ ملتا ہے.
ہمارا صوبہ اب ایک تنازعہ زدہ خطے سے ایک ابھرتے ہوئے معاشی مرکز میں تبدیل ہو رہا ہے۔آخر میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے عالمی برادری سے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیے خیبرپختونخوا کو ایک ایسی مثال بنائیں جہاں عزم، مواقع اور وڑن مل کر ترقی کی نئی راہیں ہموار کریں۔