بیروت (رپورٹنگ آن لائن) لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ شعور کا مظاہرہ کریں اور نفرت انگیز زبان کو مسترد کریں تاکہ ملک کو ایسے فتنے اور فساد کی فضا میں دھکیلنے سے بچایا جا سکے جس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں نواف سلام نے کہا کہ سیاسی اختلافات چاہے کتنے ہی گہرے کیوں نہ ہوں، میں اظہار رائے کی آزادی کا حامی ہوں لیکن میں ہمیشہ اس بات سے خبردار کرتا آیا ہوں کہ ایسے طرزِ اظہار سے گریز کیا جائے جس میں ذاتی توہین، بہتان تراشی، ہراسانی اور غداری کے الزامات شامل ہوں، یہ سب جذبات کو بھڑکاتے اور کشیدگی میں اضافہ کرتے ہیں۔
لبنانی وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں کشیدگی برقرار ہے اور حکومت پر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے، بصورت دیگر جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے جاری رہنے کا خدشہ ہے۔









