کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے قومی یومِ اقلیت کے موقع پر اقلیتی برادریوں کی ملکی تعمیر و ترقی میں گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا 11 اگست کا تاریخی خطاب پاکستان میں مذہبی آزادی، مساوات اور اقلیتی حقوق کی روشن بنیاد ہے۔قائداعظم نے ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور عزت و وقار حاصل ہو۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو بلاامتیاز مذہب، رنگ و نسل مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
اقلیتی برادریوں کے جان و مال، عبادت گاہوں اور مذہبی آزادی کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریاں ملکی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی میں برابر کی شریک ہیں۔ تعلیم، معیشت، دفاع، فنون اور دیگر شعبوں میں اقلیتی برادریوں کی خدمات پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری، باہمی احترام اور مساوات ہی ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔








