مراد علی شاہ 14

اقلیتی برادریوں کی خدمات پاکستان کے لیے قابلِ فخر ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کا کردار قابلِ فخر ہے، اقلیتی برادریوں نے قیامِ پاکستان سے قبل اور بعد میں تعلیم، صحت، تجارت، صنعت اور دیگر تمام شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں، پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر میں اقلیتی برادریاں برابر کی شریک ہیں۔

قومی یومِ اقلیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی صوفی روایت ہمیں محبت، رواداری، احترام اور انسانیت کا درس دیتی ہے۔ بانی? پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کا واضح تصور دیا تھا، ان کے وڑن کے مطابق پاکستان میں ہر شہری کو بلاامتیاز مذہب مساوی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کا سبز رنگ مسلمانوں کی اکثریت جبکہ سفید رنگ اقلیتوں کی ترجمانی کرتا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں تمام شہری برابر کی حیثیت رکھتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح? نے 11 اگست 1947ء کو ملک چلانے کا نظریہ پیش کیا تھا جس میں تمام شہریوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 11 اگست 2009ء کو قومی اقلیتی دن قرار دے کر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو اجاگر کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتی برادریوں کے حقوق، مساوات اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایک جمہوری، مساوی اور روادار پاکستان کے لیے جدوجہد کی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن میں ہر شہری کو بلاامتیاز مساوی حقوق اور باعزت زندگی گزارنے کا حق حاصل تھا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی اقلیتوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے مضبوط آواز ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اقلیتی برادریوں کے مساوی حقوق، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ سندھ میں تمام شہریوں کو مذہب، عقیدے اور برادری سے بالاتر ہوکر مساوی حقوق حاصل ہیں۔

اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں، جان و مال اور مذہبی آزادی کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ اقلیتوں کے خلاف کسی بھی قسم کی زیادتی، امتیازی سلوک یا ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سندھ کی ترقی میں اقلیتی برادریوں کی شرکت اور نمائندگی ہماری اجتماعی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اقلیتی برادریوں کی ملکی و صوبائی ترقی میں گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر میں تمام اقلیتی برادریاں برابر کی شریک ہیں اور ایک مضبوط، پرامن، ترقی یافتہ اور روادار پاکستان کی تشکیل میں ان کا کردار ہمیشہ اہم رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں