اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق سہولیات فراہمی کی درخواست پر تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے درخواستگزار سے مکالمہ کیا کہ کہ آپ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں۔بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار وکیل کی درخواست پر اعتراضات دور کردئیے۔اس موقع اظہر صدیق نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کو ملنے والی سہولیات جیل رولز، ہائی کورٹ رولز اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں، یہاں پر جیل سہولیات سے متعلق مرکزی کیس کے ساتھ اس درخواست کو منسلک کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ درخواست صرف عمران خان کی حد تک نہیں بلکہ ان کی اہلیہ بشری بی بی کی حد تک بھی ہے۔بعد ازاں عدالت نے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سمیت تمام فریقین کو نوٹسسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دو روز پہلے یہ درخواست دائر کی تھی۔اس سے قبل 12 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی جانب سے سابق وزیر اعظم کو جیل میں سہولیات کی فراہمی، بنیادی حقوق کے تحفظ سے متعلق دائر درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا دی تھی۔