ہمایوں اختر خان 21

آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا فیصلہ صرف بیلٹ باکس میں ہوگا، کسی انتظامی تبدیلی سے عوامی رائے تبدیل نہیں کی جا سکتی، محمد ہمایوں خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا فیصلہ صرف بیلٹ باکس میں ہوگا، کسی انتظامی تبدیلی سے عوامی رائے تبدیل نہیں کی جا سکتی، پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، نظریے اور جدوجہد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، عوام کا اعتماد ہماری اصل طاقت ہے۔

انہوںنے کہاکہ انتخابی شیڈول میں رد و بدل سے مخالفین کی سیاسی بے چینی تو ظاہر ہو سکتی ہے، لیکن عوام کے فیصلے کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کی عوامی مقبولیت اور بھرپور انتخابی مہم سے پاکستان پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام تیر کے نشان کو ترقی، استحکام اور عوامی نمائندگی کی علامت سمجھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف ہمیشہ اصولی، واضح اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مطابق رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

انہوںنے کہاکہ قومی معاملات خصوصاً کشمیر جیسے حساس مسئلے پر تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری، سنجیدگی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر سطح پر کشمیری عوام کے جمہوری، سیاسی اور سفارتی حقوق کی بھرپور وکالت جاری رکھے گی۔ انہوںنے کہاکہ شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات ہی عوامی مینڈیٹ کا حقیقی احترام اور جمہوریت کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں مکمل یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں ہوگا اور تیر کامیابی کی علامت بن کر ابھرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں