آئی ایس پی آر 50

آئی ایس پی آر کا اقوامِِ متحدہ کے امن دستوں کو خراجِ تحسین

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)پاک فوج کے شعب تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر نے اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر دنیا بھر میں خدمات انجام دینے والے بلیو ہیلمٹس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے ساتھ پاکستان کی وابستگی 6 دہائیوں پر محیط ہے، جو عالمی امن، استحکام اور انسانی ہمدردی کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی امن دستوں نے اقوامِ متحدہ کے مختلف مشنز میں خدمات سرانجام دیں جبکہ 183 بہادر پاکستانی جوان قیامِ امن کی کوششوں کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی بلیو ہیلمٹس اس وقت بھی جمہوریہ کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی خطے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جہاں وہ عسکری کارروائیوں کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کی ذمے داریاں بھی ادا کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ موجودہ دور کے جنگی خطے تیزی سے غیر مستحکم، پیچیدہ اور غیر روایتی نوعیت اختیار کر چکے ہیں، جبکہ آج کے امن دستوں کو ہائبرڈ خطرات کا سامنا بھی ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 2026 کے لیے اقوامِ متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کا موضوع امن میں سرمایہ کاری رکھا گیا ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تنازعات کے بعد پائیدار امن کے قیام کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔بیان کے مطابق موجودہ دور میں امن میں سرمایہ کاری کا مطلب ٹیکنالوجی، تربیت اور ادارہ جاتی ڈھانچوں میں جدت لانا بھی ہے تاکہ امن مشنز کو مزید مثر بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج اقوامِ متحدہ کے امن مشنز کے مقاصد اور اصولوں سے مکمل وابستگی رکھتی ہیں اور عالمی استحکام، سلامتی اور انسانی خدمت کے لیے اقوامِ متحدہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی، پائیدار امن کوئی خودکار عمل نہیں بلکہ اس کے لیے مسلسل، اجتماعی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور تعاون ناگزیر ہے، اقوامِ متحدہ کے پرچم تلے عالمی استحکام، سلامتی، انسانی ہمدردی کی کوششوں میں ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں