لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ 10مئی کو یومِ معرکہ حق کے موقع پر پاکستان ریلوے کے زیر اہتمام ملک بھر میں پروقار تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں شہدا، افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مدبرانہ قیادت اور باصلاحیت حوصلے نے پاکستان کو دنیا میں عزت دلائی، پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،یومِ معرکہ حق پر وطن کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، بہادر فوجیوں کی قربانیوں اور جرات کو بھرپور انداز میں سراہا جائے گا، شہدا کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو سلام پیش کیا جائے گا۔
ترجمان ریلویز کے مطابق پاکستان ریلوے کے 7ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یومِ معرکہ حق کی پروقار تقریبات منعقد کی جائیں گی، 10مئی کو راولپنڈی میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے،راولپنڈی میں تقریب سہ پہر 3بجے منعقد ہوگی، وزیر ریلوے مرکزی خطاب کریں گے، وزیر ریلوے گرین لائن ٹرین کو معرکہ حق برانڈنگ کے ساتھ روانہ کریں گے، پاکستان ریلوے کی جانب سے 40بڑے اسٹیشنز پر معرکہ حق کے حوالے سے خصوصی برانڈنگ کی جائے گی۔
پشاور میں چیئرمین ریلوے کی زیر نگرانی یومِ معرکہ حق کی تقریب منعقد ہوگی ،لہور میں سی ای او ریلوے کی زیر نگرانی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ہر ڈویژن میں ڈویژنل سربراہان کی زیر نگرانی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،پاکستان ریلوے اس سال یومِ معرکہ حق بھرپور جوش و جذبے سے منائے گا۔









