کراچی(رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں اور سویلینز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کے شہداء اور غازیوں کی خدمات قوم کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں، پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، جرات اور قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کی شاندار تاریخ، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی روشن مثال ہے، جس میں پاک بحریہ کے جوانوں نے دشمن کے خلاف بے مثال عزم اور جرات کا مظاہرہ کیا۔ قوم آج بھی پاک بحریہ کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی دفاع اور بحری مفادات کے تحفظ میں اہم اور قابلِ فخر کردار ادا کیا۔ پاک بحریہ نے ہر مشکل وقت میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی بحری حدود اور قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پاک بحریہ نے ملکی بحری مفادات کے تحفظ میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، سمندری حدود کی نگرانی، دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ پاک بحریہ کے افسران اور جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر وطن عزیز کے دفاع کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید دفاعی نظام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنا رہی ہے، بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک بحریہ کے شہداء اور ملک کے دفاع میں خدمات انجام دینے والے غازیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے عزم، حوصلے اور حب الوطنی کی مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ یومِ بحریہ ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی دفاع میں اس کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ قوم پاک بحریہ کے بہادر افسران، جوانوں اور سویلینز کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔









