کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سابق ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ محمد شاہد اور سعد پرویز اختر سمیت دیگر کی پنشنری واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کو واجبات کی ادائیگی کے لیے 4 ماہ کی مہلت دے دی۔ عدالت نے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق ڈائریکٹر محمد شاہد اور سعد پرویز اختر کو ریٹائر ہوئے ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم انہیں تاحال ریٹائرمنٹ کے واجبات ادا نہیں کیے گئے، جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔
کے ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وسائل کی کمی کے باعث پنشنری واجبات کی ادائیگی میں مشکلات درپیش ہیں۔ کے ڈی اے بعض کمرشل پلاٹس نیلام کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جن کی نیلامی سے اربوں روپے آمدنی متوقع ہے۔عدالت نے کے ڈی اے کو 4 ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔









