ہائیکورٹ 9

کیمروں والی عینکوں پر پابندی، وفاقی حکومت سے رپورٹ طلب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ میں کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس کے دوران پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی، عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 8دسمبر تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے زین العابدین کی درخواست پر سماعت کی، دورانِ سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 26اکتوبر کو صوبے بھر میں کیمروں والی عینکوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی کابینہ نے 13نومبر کو اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے بھجوائی گئی تجاویز کی منظوری دے دی ہے، وفاقی حکومت نے 25نومبر تک تمام صوبائی حکومتوں سے ریگولیٹری فریم ورک بھی طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مارکیٹوں، بڑی دکانوں اور سپر سٹورز پر کیمروں والی عینکیں فروخت کی جا رہی ہیں، جن کے ذریعے خفیہ ریکارڈنگ ممکن ہے، ان عینکوں کی خرید و فروخت کے لیے کسی حکومتی ادارے سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کیمروں والی عینکوں کے ذریعے شہریوں کی نجی زندگی اور پرائیویسی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا ان کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے وفاقی حکومت سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی 8دسمبر تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں