اسحق ڈار 6

پاکستان اور بنگلہ دیش کو تعلیمی اصلاحات، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر شعبوں میں باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ، اسحاق ڈار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی اصلاحات، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر شعبوں میں باہمی تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیالات اور سوچ کا تبادلہ دونوں ملکوں کیلئے سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں دفترخارجہ میں بنگلہ دیش کے 35 سینئر سرکاری افسران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفد پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کررہا ہے۔ نائب وزیرِ اعظم نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کے دیرینہ رشتوں اور مشترکہ ثقافتی اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے لئے نیک خواہشات رکھتا ہے، بنگلہ دیشی وفد کے دورے سے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ نائب وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی احترام، اعتماد اور خیرسگالی کے جذبے کے تحت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں نالج کوریڈور کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام طرزِ حکمرانی اور عوامی انتظام و انصرام کے شعبوں میں تجربات کے تبادلے میں معاون ثابت اور دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا پیشہ ورانہ روابط اور دوستانہ تعلقات کو بھی فروغ دے گا۔ نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیشی طلبہ کیلئے تعلیمی وظائف بھی دے رہا ہے۔انہوں نے وفد کے ارکان کیلئے پاکستان میں قیام کو نتیجہ خیز، خوشگوار اور یادگار بنانے کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں