عدالت 9

سندھ ہائی کورٹ،افغان خاتون کی پاکستانی شہریت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے مبینہ افغان شہری سومیہ کی پاکستانی شہریت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سومیہ پاکستانی شہری عبد الحمید سے شادی کرچکی ہیں اور شادی سے متعلق تمام دستاویزات بھی درخواست کے ساتھ منسلک ہیں۔عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سومیہ کے والدین افغانستان جاچکے ہیں، جبکہ ان کی شادی کے تمام ضروری دستاویزات عدالت میں جمع کرائے جاچکے ہیں۔ وکیل کے مطابق اس معاملے پر نادرا کی جانب سے جواب موصول ہوچکا ہے، تاہم وزارت داخلہ کی طرف سے تاحال جواب نہیں دیا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار وزارت داخلہ سے رجوع کریں۔ اس پر وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ متعدد مرتبہ وزارت داخلہ سے رابطہ کرچکے ہیں، لیکن کوئی جواب نہیں دیا جارہا۔وکیل نے مزید بتایا کہ نادرا نے اپنے جواب میں بھی واضح کیا ہے کہ معاملہ وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، لہٰذا وزارت داخلہ کو معاملے کے حل کے لیے ہدایات جاری کی جائیں۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد سندھ ہائیکورٹ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں