عظمی بخاری 4

عمران خان کو جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کا شکوہ بے بنیاد ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج معالجے اور جیل میں طبی سہولیات سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا خط علاج معالجے سے متعلق پروپیگنڈے سے زیادہ کچھ نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے تحریری طور پر اپنے دستخط کے ساتھ این آر او مانگا ہے، دوسروں کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والا آج خود جیل میں بیمار ہوگیا ہے۔میاں نواز شریف کے سیل سے سانپ نکلنے یا بیگم کلثوم نواز کے ہسپتال پر دھاوا بولنے جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یہ لوگ مکافاتِ عمل کا شکار ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کا شکوہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، سابق وزیراعظم کا اڈیالہ جیل میں قید کے دوران 8 مرتبہ باقاعدہ طبی ماہرین نے معائنہ کیا، جبکہ جیل میں موجود میڈیکل عملہ روزانہ تین مرتبہ ان کے بنیادی طبی اشارے (وائٹل سائنز) چیک کرتا ہے، اس کے علاوہ مختلف اوقات میں خصوصی میڈیکل بورڈز نے بھی ان کا تفصیلی معائنہ کیا۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق اگست 2024 میں سر درد اور بے چینی کی شکایت پر ماہر امراض قلب نے عمران خان کا معائنہ کرکے ادویات تجویز کیں، فروری 2026 میں پانچ رکنی میڈیکل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں ان کی آنکھوں اور بلڈ پریشر کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ 10 اگست 2026 کو چار رکنی میڈیکل بورڈ نے ان کا طبی معائنہ کیا اور بلڈ پریشر کی دوا تبدیل کی۔

انہوں نے بتایا کہ 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب عمران خان کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین اور میڈیکل بورڈ نے تفصیلی فٹنس رپورٹ مرتب کی، ستمبر 2026 میں پمز اور شفا آئی ہسپتال کے ڈاکٹروں پر مشتمل خصوصی ٹیم نے جیل میں ان کے بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور بینائی کا معائنہ کیا۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ 10 اور 11 نومبر 2026 کی درمیانی شب عمران خان کو فالو اپ علاج کے لیے پمز ہسپتال لایا گیا، جہاں آنکھوں کے ماہرین نے انہیں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجیکشن لگایا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق مختلف میڈیکل بورڈز اور طبی ٹیموں میں ملک کے معروف ڈاکٹرز شامل رہے، جن میں ڈاکٹر عارف خان، ڈاکٹر فرقاد عالمگیر، ڈاکٹر ندیم قریشی اور ڈاکٹر اختر علی بندیشہ شامل ہیں، الشفا اور پمز کے متعدد طبی ماہرین بھی وقتاً فوقتاً ان کا طبی معائنہ کرتے رہے ہیں، ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور فیصل سلطان بھی علاج اور طبی رپورٹس کے جائزے کے عمل سے وابستہ رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کو جیل میں جو طبی اور دیگر سہولیات میسر ہیں، وہ پاکستان میں کسی دوسرے قیدی کو حاصل نہیں۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے ان کے سیل میں چوہوں، کاکروچ اور سات چھوٹے سانپ نکلنے کے دعوے کو بھی عظمیٰ بخاری نے بے بنیاد قرار دیا، بشریٰ بی بی نے اپنی عدالتی درخواست میں جو باتیں کیں، جیل حکام نے فوری طور پر ان کی تردید کردی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی دیہات سے تعلق رکھتی ہیں اور انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ مون سون کے موسم میں اکثر کینچوے نکل آتے ہیں، اگر انہیں کینچوے ہی سانپ محسوس ہوتے ہیں تو اس میں حکومت کا کوئی قصور نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں