حلیم عادل شیخ 12

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، عوام کی مشکلات بڑھ گئیں، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام پر روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کا بم گرا رہی ہے، فارم 47 کی نااہل حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے صرف تکلیف دی ہے اور عوام کو مسلسل لوٹا جا رہا ہے۔ایک بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کرنے سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا، پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے اور اب پٹرول مہنگا ہونے سے اشیائے ضروریہ سمیت روزمرہ استعمال کی ہر چیز کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی، گیس اور پٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کی جا رہی ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران دو مرتبہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا۔ ٹیکسوں کے نام پر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کا تمام تر بوجھ عام شہری پر منتقل کردیا گیا ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ملک کا بڑا حصہ غربت کی لکیر سے نیچے جا چکا ہے، مگر حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں مسلسل اضافہ کررہے ہیں۔ ایک لیٹر پٹرول پر 110 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا عوام پر ظلم کے مترادف ہے، حکومت کو عوام کی معاشی مشکلات کا احساس کرنا ہوگا۔حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے اور اب عوام پر مزید بوجھ ڈال کر پیسہ جمع کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عام آدمی کے لیے گھر کا بجٹ چلانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں اتنا قرض لیا گیا جتنا 75 سال میں نہیں لیا گیا، اس کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات اور معاشی ریلیف فراہم نہیں کیا جاسکا۔ جعلی حکومتوں نے عوام کو معاشی طور پر کنگال کردیا ہے اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے مہنگائی کا ایک اور بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے، عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ایسی معاشی پالیسیاں اختیار کی جائیں جن سے مہنگائی کا بوجھ کم اور عام شہری کی مشکلات میں کمی آسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں