پشاور (رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی زندگی میں مشکلات پیدا کررہا ہے، وفاقی حکومت کو پٹرولیم لیوی کم کرنی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، ایک طرف کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب مریم نواز کہتی ہیں کہ وہ اپنی مرضی سے جتنی بار چاہیں جہاز پر سفر کریں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کو سب سے زیادہ تیل اور گیس دیتا ہے، جبکہ صوبے کے حصے کا پانی بھی پنجاب استعمال کررہا ہے، خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہا ہے اور صوبے کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے خلاف بیان بازی نیشنل کاز کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ صوبے میں دہشتگردی، امن و امان اور بیروزگاری کے مسائل موجود ہیں، پہلے اپنے صوبے کے عوام کے مسائل حل کیے جائیں پھر احتجاج کیا جائے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دنیا میں ملکوں میں نئے صوبے بنتے رہتے ہیں، اگر پارلیمنٹ اور صوبے چاہیں تو نئے صوبے بننے چاہئیں۔ ان کے مطابق اگر پارلیمنٹ موجود ہے تو ریفرنڈم کی بات درست نہیں، پارلیمنٹ اور جمہوریت میں فیصلے پارلیمنٹ کرتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن احتجاج کررہی ہے اور پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، تاہم مسائل دھرنوں اور احتجاج سے نہیں بلکہ بات چیت کے ذریعے حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما دھرنوں اور احتجاجوں سے نہیں بلکہ عدالت کے ذریعے رہا ہوں گے۔ فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں پہنچے گی۔








