لیاقت بلوچ 10

پی ٹی آئی کے ساتھ رابطے ہیں، حکومت نے حالات پیدا کیے تو سب اکٹھے ہوسکتے ہیں’ لیاقت بلوچ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوںکے ساتھ رابطے ہیں اور حافظ نعیم الرحمان نے تمام جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے تاہم فی الحال ہماری تمام تر توجہ 20ستمبر کے اسلام آباد مارچ پر ہے،سیاسی جماعتوں کے احتجاج کی حمایت کی جا سکتی ہے اگر حکومت نے مشکل حالات پیدا کردئیے تو سب کچھ پیچھے رہ جائے گا اور سب اکٹھے ہوسکتے ہیں۔

ایک انٹر ویو میںانہوں نے کہا کہ محسن نقوی سے حالیہ دنوں میں احتجاج کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا البتہ چند روز قبل ایک ہسپتال میں ان سے مختصر ملاقات ہوئی تھی۔ محسن نقوی بہت اہمیت رکھتے ہیں اور ہم چاہیں گے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کریں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس وقت ملک میں کوئی اپوزیشن اتحاد موجود نہیں اور نہ ہی جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ ہے، ہر سیاسی جماعت کا اپنا بیانیہ اور احتجاج کا اپنا طریقہ ہے، جماعت اسلامی کا بھی اپنا بیانیہ ہے اور اسی کے تحت جدوجہد جاری ہے۔جماعت اسلامی ایک پرامن جماعت ہے، اپنے احتجاج کو پرامن رکھتی ہے اور اپنے کارکنوں کا دفاع کرتی ہے،ہر جماعت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اپنا احتجاج پرامن رکھے۔لیاقت بلوچ نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج میں فی الحال خواتین شرکت نہیں کریں گی بلکہ صرف نوجوان، کسان اور دیگر کارکنان شریک ہوں گے۔

جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 32 روز سے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے اور اب 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ ہونا ہے ،حکومت کے ساتھ جماعت اسلامی کے مذاکرات بھی جاری ہیں،حالیہ مذاکرات میں بھی جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ برقرار رکھا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ فی لیٹر پیٹرول پر عائد اضافی پٹرولیم ڈیوٹی ختم کی جائے کیونکہ اس کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کے لیے بہت سے آپشن موجود ہیں،حکومت پالیسی ریٹ کم کرسکتی ہے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں بھی کمی کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت وقت مانگ رہی ہے اور یہ بھی کہہ رہی ہے کہ ہم نے عوام کے لیے ریلیف کا اعلان کیا ہے لیکن یہ صرف ایک نمائشی ریلیف ہے۔ ایسے اقدامات سے حاصل ہونے والا ریلیف حکومتی آمدن اور اخراجات کے نظام میں ہی ضائع ہوجاتا ہے اور عوام کو حقیقی فائدہ نہیں پہنچتا۔20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کے حوالے سے لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا جو بھی پلان ہے اسے فی الحال میڈیا کے سامنے نہیں بتایا جاسکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں