اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
جمعہ کو بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئیکہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں،شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم اور حوصلے کو تقویت دیتی ہیں۔
سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان ملک کے امن اور سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نیشہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔









