لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان علما ء کونسل نے کوہاٹ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانوں کو قتل کرنے والے مسلمان اور نہ ہی انسان ہیں، معصوم جانوں کا قتل اسلام کی بنیادی تعلیمات کے سراسر منافی ہے،
دہشتگردی اور انتہاپسندی کے ذریعے ملک میں بدامنی اور خوف پھیلانے والے عناصر کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا نعمان حاشر، مولانا طاہر اتیل، مولانا ابو بکر صابری، مولانا اسلم صدیقی، مولانا انوار الحق مجاہد اور دیگر علما ء و مشائخ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا،فتنہ خوارج بے گناہ انسانوں کو قتل کرکے پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے اور پاکستان و اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہا۔
پاکستان علما ء کونسل کے قائدین نے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور شہدا ء کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قوم، علماء ، مشائخ اور ریاستی اداروں کو متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں اور ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔









