وزیراعظم 274

پاکستان میں سب سے بڑا چیلنج غذائی قلت کا ہے، زیتون کی کاشت سے کسان خوشحال ہوگا ، وزیراعظم

نوشہرہ(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری عوام کو غذائی اجناس کی فراہمی ہوتی ہے،پاکستان میں سب سے بڑا چیلنج غذائی قلت کا ہے، زیتون کی کاشت سے کسان خوشحال ہوگا ، ہماری درآمدات اور برآمدات میں بہت بڑا فرق ہے، جب حکومت ملی تو پاکستان کا مالیاتی خسارہ تاریخی تھا، ہماری حکومت سے قبل ہم 60 ارب ڈالر کی درآمدات کرتے تھے جب کہ درآمدات 20 ارب ڈالر کی تھیں، دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی بڑا چیلنج بن چکی ہے، پاکستان دنیا میں ان 10 ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تغیرات کے اثرات کا سب سے بڑا شکار ہے۔ 10 ارب درخت لگانے کا مقصد آنے والی نسلوں کی حفاظت ہے۔

پیر کو وزیراعظم عمران خان نے ضلع نوشہرہ میں 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پودا لگا کر زیتون کی شجرکاری کا آغاز کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور گورنر شاہ فرمان بھی موجود تھے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں اس میں سب سے بڑا خوراک کا تحفظ ہے ایک وقت تھا کہ ہم گندم برآمد کرتے تھے اور گزشتہ 2 سال کے عرصے میں پہلے ہم نے 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کی اور اس مرتبہ 40 لاکھ ٹن گندم درآمد کی گئی اور اسی طرح چینی بھی درآمد کرنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوردنی تیل، گھی، پام آئل درآمد کرتے ہیں، پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر سب سے بڑا چیلنج فوڈ سیکیورٹی ہے کہ ہم نے کیسے اپنی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنی ہیں، حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری قوم کے لیے خوراک کا تحفظ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرا مسئلہ زرِ مبادلہ کے ذخائر کا ہے، ہم دنیا سے جو درآمد کرتے ہیں اور جو دنیا کو برآمد کرتے ہیں اس میں بہت فرق ہے جو اب کم ہوگیا ہے لیکن جب حکومت ملی تھی تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ درپیش تھا، 60 ارب ڈالر کی درآمد کرتے تھے اور برآمدات کا حجم صرف 20 ارب ڈالر تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ابھی ہماری برآمدات بڑھی ہیں اور درآمدات ہم نے کم کی ہیں لیکن یہ بھی ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش تیسرا سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی تبدیلی ہے، پاکستان بدقسمتی سے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری آبادی بڑھ رہی ہے اور دنیا میں دوسری سب سے بڑی نوجوان آبادی ہے انہیں روزگار فراہم کرنا ہے یہ بھی بہت بڑا چیلنج ہے، شہروں میں آلودگی بڑھ رہی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 10 ارب سونامی کا مقصد یہ ہے کہ آگے آنے والی نسلوں کی موسمیاتی تبدیلیوں سے حفاظت کی جائے، ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے کہ والدین کو اپنے بچوں کے لیے اور نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے اس 10 ارب درخت سونامی پروگرام میں شرکت کرنی چاہیے کیوں کہ پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں