کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان(ایم پی پی)کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یومِ عاشورِ محرم کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے موثر انتظامات، عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کو سراہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں اسلام کی سربلندی، حق و صداقت، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا لازوال درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقع کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایثار، قربانی، عدل، انصاف اور انسان دوستی کا ایسا روشن مینار ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے جس تحمل، مذہبی رواداری اور احترام کا مظاہرہ کیا، وہ قومی اتحاد اور بین المسالک ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔
ان کے مطابق معاشرے میں برداشت، باہمی احترام اور یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے اور یہی پیغام حضرت امام حسین کی تعلیمات سے حاصل ہوتا ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یومِ عاشور کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، انتظامیہ، رضاکاروں اور عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر امن، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کے فروغ سے ہی معاشرہ مضبوط ہوتا ہے۔انہوں نے میری پہچان پاکستان کے عہدیداران، ٹائونز، یوسیز اور آرگنائزنگ کمیٹیوں کے اراکین کی مجالس اور جلوسوں میں شرکت، عوامی خدمت اور تنظیمی کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے ایم پی پی کی مرکزی کمیٹی کے انچارج نہال احمد صدیقی، مرکزی و صوبائی عہدیداران، ضلعی، ٹان اور یوسی سطح کے ذمہ داران اور کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کارکنان نے محرم الحرام کے دوران ذمہ داری، نظم و ضبط، اخوت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں قابلِ ستائش کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اتحاد، رواداری، حب الوطنی اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کے ذریعے پاکستان کو مزید مستحکم، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر قوم حضرت امام حسین کے فلسف قربانی، حق گوئی اور استقامت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لے تو ملک کو درپیش کئی سماجی اور قومی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔آخر میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، قوم میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کے فتنوں، انتشار اور مشکلات سے محفوظ رکھے۔









