محمد جاوید قصوری 9

وفاقی وزارتوں میں اربوں روپے کی بے قاعدگیاں تشویشناک ہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آڈٹ رپورٹس میں سامنے آنے والے انکشافات نے حکمرانوں کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ قومی وسائل کے تحفظ اور شفاف طرزِ حکمرانی کے دعوے محض زبانی جمع خرچ سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے، مختلف سرکاری اداروں اور محکموں میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں اور مالی بدعنوانیوں کا انکشاف انتہائی تشویشناک ہے جبکہ اراکین اسمبلی کی ترقیاتی اسکیموں کے نام پر 75 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کیے جانے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق مختلف شعبوں میں مالی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ احتساب کا نظام مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر پاکستان ریلوے کے 61 ارب روپے کے خالص نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 1119 فیصد زیادہ ہے، جو نہ صرف انتظامی نااہلی بلکہ بدعنوانی اور ناقص پالیسی سازی کی عکاسی کرتا ہے۔ ملک میں کرپشن ایک ناسور کی شکل اختیار کر چکی ہے اور اس نے معاشرے میں اپنی جڑیں مضبوط کر لی ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ حکمرانوں کی ترجیحات کرپشن کے خاتمے کے بجائے مختلف مافیاز کی سرپرستی اور ان کے مفادات کے تحفظ پر مرکوز دکھائی دیتی ہیں۔ جب تک حکمران طبقہ خود کو احتساب کے لیے پیش نہیں کرے گا اور قانون سب کے لیے یکساں نہیں ہوگا، اس وقت تک ملک میں شفافیت اور دیانتداری کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں ہونے والی کرپشن کے خاتمے کے لیے سنجیدہ، عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ تمام اداروں کو چاہیے کہ وہ سب سے پہلے اپنے اندر موجود کالی بھیڑوں کا احتساب کریں اور بدعنوان عناصر کو نظام سے باہر نکالیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک کرپٹ افراد اداروں میں موجود رہیں گے، اس وقت تک کرپشن کے خاتمے کے تمام دعوے بے معنی رہیں گے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نے مطالبہ کیا کہ حکومت قومی وسائل کی لوٹ مار روکنے، شفاف احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کی امانت کی حفاظت کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ ملک کو معاشی بحران اور بدعنوانی کے دلدل سے نکالا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں