اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 22 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔ جمعہ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر قوم کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ قوم کو فورسز کے دلیر سپوتوں پر ناز ہے، انشاء اللہ قوم کی حمایت سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے 10 سالہ بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔









