گلین 18

وسیم اکرم اور وقار یونس بہترین فاسٹ بولنگ جوڑی ہیں،گلین میک گرا

سڈنی (رپورٹنگ آن لائن)آسٹریلیا کے سابق عظیم فاسٹ بولر گلین میک گرا نے پاکستان کے وسیم اکرم اور وقار یونس کو اپنے کیریئر میں سامنے آنے والی بہترین فاسٹ بولنگ جوڑی قرار دیدیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گلین میک گرا اور سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر ڈیمین فلیمنگ نے حال ہی میں تاریخ کی 5 بہترین فاسٹ بولنگ جوڑیوں کی درجہ بندی کی جن میں دونوں نے متفقہ طور پر وسیم اکرم اور وقار یونس کو پہلی پوزیشن پر رکھا۔میک گرا نے اپنی فہرست شروع کرنے سے قبل چند اعزازی تذکرے بھی کیے، جن میں اپنی اور جیسن گلیسپی کی نئی گیند سے شاندار شراکت داری، بھارت کے روی چندرن ایشون اور رویندر جڈیجا جبکہ سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن اور چمندا واس کی جوڑیاں شامل تھیں۔میک گرا نے پاکستان کے وسیم اکرم اور وقار یونس کو اپنی فہرست میں پہلی پوزیشن دی۔

دوسرے نمبر پر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ رہے، تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے ڈینس للی اور جیف تھامسن کو رکھا، چوتھے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے کرٹلی ایمبروز اور کورٹنی والش فہرست میں شامل تھے جبکہ پانچویں نمبر پر جنوبی افریقا کے ایلن ڈونلڈ اور شان پولاک کو رکھا۔انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم شاید ہماری نسل کے بہترین بلکہ ممکنہ طور پر تاریخ کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں جنہیں میں نے کھیلتے یا اپنے خلاف کھیلتے دیکھا۔میک گرا نے وسیم اکرم کی بائیں ہاتھ کی تباہ کن سوئنگ اور وقار یونس کی ریورس سوئنگ یارکرز کو اس جوڑی کی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔واضح رہے کہ وسیم اکرم اور وقار یونس نے 61 ٹیسٹ میچز ایک ساتھ کھیلتے ہوئے مجموعی طور پر 550 وکٹیں حاصل کیں، جو فی میچ 9.16 وکٹوں کی اوسط بنتی ہے۔

وسیم اکرم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 104 میچز میں 414 وکٹیں جبکہ وقار یونس نے 87 ٹیسٹ میچز میں 373 وکٹیں حاصل کیں۔سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر ڈیمین فلیمنگ نے بھی اپنی الگ درجہ بندی میں وسیم اکرم اور وقار یونس کو تاریخ کی بہترین فاسٹ بولنگ جوڑی قرار دیا۔فلیمنگ نے اپنی فہرست میں بھارت کے جسپریت بمراہ اور محمد شامی، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ، جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین اور مورن مورکل سمیت ویسٹ انڈیز کی ماضی کی کئی عظیم بولنگ جوڑیوں کا بھی ذکر کیا، تاہم انہوں نے بھی بالآخر وسیم اکرم اور وقار یونس کو نمبر ون قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں