شہباز شریف 46

وزیراعظم کی کسانوں کو کھاد کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنانے ، وسط ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی ہدایت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسط ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔ منگل کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں غذائی تحفظ اور کھاد کے ذخائر کی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین ، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی ، معاون خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی ۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کسانوں کو بروقت کھاد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک سے کھاد کی سپلائی چین متاثر ہونے کے پیش نظر وسطی ایشیائی ممالک سے کھاد کی متبادل فراہمی کی منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے خریف اور ربیع سیزن کیلئے کھاد کے وافر ذخائر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے نئے پلانٹ لگانے کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے زرعی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو کھاد کی فراہمی کی مسلسل نگرانی اور کھاد کی مصنوعی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کے پیش نظر کھاد کی مقامی پیداوار کیلئے کارخانوں کو قدرتی گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے، خریف کی فصلوں کیلئے کھاد کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں