اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی چوکی پر خوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے اور فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کے خلاف عزم غیر متزلزل ہے اور ملک میں امن و استحکام ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کے ہر منصوبے کو ناکام بنایا جائے گا۔محمد حنیف عباسی نے واقعے میں زخمی ہونے والے 7 شہریوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔ انہوںنے کہاکہ خوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔









