کراچی(رپورٹنگ آن لائن) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ مقدمے کے تفتیشی افسر سراج لاشاری عدالت میں پیش ہوئے اور تفتیش مکمل نہ ہونے کے باعث مزید مہلت کی استدعا کی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئی ہیں، اس لیے تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمے کی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 24 اگست تک مہلت دے دی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت میں تحقیقات مکمل کرکے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔میر رضا قتل کیس میں پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے جبکہ مقدمے سے متعلق متعدد افراد سے پوچھ گچھ بھی جاری ہے۔









