اسماعیل بقائی 12

ایرانی 7 نکاتی تجویز پر آئندہ چند روز میں عملدرآمد کا امکان ہے، اسماعیل بقائی

تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد ایرانی 7 نکاتی تجویز ہے، گیند امریکا کے کورٹ میں ہے۔

تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں ایرانی 7 نکاتی تجویز پر عمل درآمد کا امکان موجود ہے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے اور ایران کے مطالبات بالکل واضح اور منطقی ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ کسی بھی معاہدے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ اور ایران کے مطالبات کی منظوری ضروری ہے۔اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام کے خلاف اپنے قانونی ضابطوں کے مطابق کارروائی کرنے پر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو امریکا کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

انہوں نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران امریکا نے ناصرف کوئی سفارتی اقدام پیش کرنے میں ناکامی دکھائی بلکہ سفارتی عمل کو فعال طور پر نقصان بھی پہنچایا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اسرائیل کو مغربی ایشیاء میں عدم تحفظ کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان میں اپنے مظالم میں مزید شدت پیدا کر دی ہے، سرد موسم کی آمد کے پیشِ نظر بے گھر افراد تک زندگی کی بنیادی ضروریات کی اشیاء کی رسائی میں رکاوٹوں نے ان کی صورتِ حال کو تباہ کن حد تک پہنچا دیا ہے۔اسماعیل بقائی کے مطابق عالمی برادری اور یورپی ممالک غزہ کی صورتِ حال کے حوالے سے بے حسی کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسانی زندگیوں کو محض اعداد و شمار تک محدود کر دینا اور مظالم کو معمول کی بات سمجھنا ایک انتہائی خطرناک رجحان ہے، جو انسانی ضمیر کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں