انسدادِ پولیو مہم 9

ملک بھر کے 97 اضلاع میں 2 نومبر سے انسدادِ پولیو مہم شروع ہوگی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 2 سے 8 نومبر تک جاری رہے گی جس کے دوران ملک بھر کے منتخب اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق مہم کے دوران پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں 92 لاکھ 78 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جبکہ سندھ کے 20 منتخب اضلاع میں 68 لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے 27 منتخب اضلاع میں 48 لاکھ 8 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ بلوچستان کے 31 منتخب اضلاع میں 22 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو اس مہم کے دوران حفاظتی قطرے پلانے کا منصوبہ ہے۔اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 47 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔گلگت بلتستان کے 3 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد بچوں جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے 2 منتخب اضلاع میں ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا اور ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں