ڈاکٹر 19

صحت مند نوجوان ہی قوم کا مستقبل ہیں، سپورٹس میں شرکت ضروری ہے، پروفیسر جودت سلیم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے جن کا صحت مند ہونا کسی بھی شعبے میں کامیابی اور ترقی کیلئے ناگزیر ہے صحت مند رہنے کیلئے سپورٹس سرگرمیوں میں بھرپور شرکت بنیادی ضرورت ہے وہ امیر الدین میڈیکل کالج کے سالانہ ہفتہ سپورٹس کی اختتامی اور تقسیمِ انعامات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ سابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد، پروفیسر صاحبان، ڈاکٹرز اور طلباء بڑی تعداد میں شریک تھے۔

مہمانِ خصوصی سابق پرنسپل پی جی ایم آئی / اے ایم سی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں میں باقاعدہ شرکت نوجوان ڈاکٹروں میں نظم و ضبط، برداشت، خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیتیں اور ٹیم ورک کے جذبے کو پروان چڑھاتی ہے یہ سرگرمیاں انہیں تعلیمی و تدریسی مصروفیات کے دباؤ سے نکلنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور مثبت مسابقت کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں انہوں نے زور دیا کہ نوجوان ڈاکٹرز نصابی و تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ کھیل کے میدانوں میں بھی بھرپور حصہ لیں تاکہ وہ مستقبل میں ماہر معالج بن کر ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور انسانیت کی خدمت کر سکیں۔

وائس پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد نے کہا کہ جن طلباء نے سپورٹس گالا میں شاندار کارکردگی اور ڈسپلن کا مظاہرہ کیا، وہ عملی زندگی میں بھی اسی جذبے کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے انعام حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انعامات انہیں زندگی بھر مادرِ علمی کی یاد دلاتے رہیں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں پروفیسر جودت سلیم نے کہا کہ میڈیکل طلباء کو قابلِ معالج بننے کیلئے سخت محنت اور پوری توجہ نصابی سرگرمیوں پر مرکوز رکھنی ہوتی ہے اسی لیے ان کے لیے یہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے کہ وہ خود کو تندرست، توانا اور مستعد رکھنے کے لیے غیر نصابی سرگرمیوں اور سپورٹس کے لیے بھی وقت نکالیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں میڈلز، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں