جمیکا(رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی بیٹر معاذ صداقت نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے فائنل میں شاندار سنچری بنا کر تاریخ رقم کردی۔ جمیکا کنگز مین کی نمائندگی کرتے ہوئے معاذ نے اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کے خلاف 58 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔
اس اننگز کے ساتھ معاذ فرنچائز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی اور سی پی ایل کی تاریخ میں فائنل میں سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔اس سے قبل ایلیمینیٹر میچ میں بھی معاذ صداقت نے 49 گیندوں پر 112 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سی پی ایل کی تاریخ کے کم عمر ترین سنچورین ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔جمیکا کنگز مین نے معاذ کی سنچری کی بدولت 170 رنز بنائے تاہم اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے ہدف 20 گیندیں قبل ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
معاذ نے سی پی ایل 2026 میں سات میچز کے دوران 363 رنز بنائے، ان کی بیٹنگ اوسط 60.50 اور اسٹرائیک ریٹ 174.52 رہا۔فائنل میں 114 رنز کی اننگز نے انہیں سی پی ایل فائنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی دلا دیا جہاں انہوں نے لینڈل سمنز اور برینڈن کنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔پی ایس ایل اور سی پی ایل میں رواں سال معاذ کے مجموعی رنز 653 ہوچکے ہیں جبکہ ان کے نام دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بھی ہیں۔








