حنیف عباسی 23

محمد حنیف عباسی کا فائرنگ واقعے میں قتل سی سی ڈی اہلکار تحسین شاہ و بھائی خضر شاہ کے اہل خانہ سے تعزیت

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے فائرنگ کے واقعے میں قتل ہونے والے سی سی ڈی اہلکار تحسین شاہ اور ان کے بھائی خضر شاہ کے گھر کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے ملاقات کرکے دونوں بھائیوں کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقتولین کے بڑے بھائی نصیر شاہ اور سعید شاہ سے ملاقات کی، ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائیوں کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس پر انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔

محمد حنیف عباسی نے سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ انہوں نے اہل خانہ سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ضیا اللہ شاہ اور راجہ فیصل سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن)راولپنڈی کے مقامی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے جنہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں