لاہور (رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے ہمراہ کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی میں قائم جدید کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے سٹیڈیم کے مختلف حصوں، انکلوژرز اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی کو سٹیڈیم کی تعمیر، دستیاب سہولیات اور مستقبل میں مجوزہ توسیعی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے سٹیڈیم میں مجوزہ تبدیلیوں اور کرکٹ انفراسٹرکچر کی بہتری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ یہ سٹیڈیم سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا اور اس کی تکمیل کے بعد ملک میں جلد بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے بھرپور تعاون پر وہ انتہائی مشکور ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب میں کرکٹ کے شاندار سفر کا حصہ بننا ایک بڑا اعزاز ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون مستقبل میں بھی مزید مضبوط ہوگا۔









