لیسکو 15

لیسکو میں ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد سنگل اور تھری فیز میٹرز غائب ہونے کا انکشاف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)میں ایک لاکھ 75ہزار سے زائد سنگل اور تھری فیز بجلی کے میٹرز لیبارٹری نہ بھجوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث ان میٹرز کے بجلی چوری میں استعمال ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ذرائع نجی ٹی وی کے مطابق کمپنی کے مختلف دفاتر سے تبدیل کیے جانے والے سنگل اور تھری فیز میٹرز گزشتہ دو سال کے دوران لیبارٹری نہیں بھجوائے گئے۔

میٹرز کی لیبارٹری جانچ کے ذریعے پنڈنگ یونٹس، ٹمپرنگ اور دیگر اعتراضات کا ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف دفاتر سے ایک سال کے دوران ایک لاکھ سے زائد میٹرز لیبارٹری نہیں بھجوائے گئے جبکہ دو سال کے دوران تقریباً 25ہزار میٹرز بھی لیبارٹری نہیں پہنچے۔ اسی طرح تین سال کے دوران 17ہزار اور تین سال سے زائد عرصے کے 15ہزار میٹرز کی لیبارٹری رپورٹ بھی دستیاب نہیں ہو سکی۔

لیسکو کی جانب سے تبدیل کیے جانے والے میٹرز کی لیبارٹری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جاتی ہے جبکہ رپورٹ کی بنیاد پر صارفین کو ڈیٹیکشن بلز بھی جاری کیے جاتے ہیں۔میٹرز لیبارٹری نہ بھجوائے جانے کے معاملے پر بجلی چوری کی روک تھام اور ذمہ داریوں کے تعین کے حوالے سے سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں