شیر افضل مروت 8

عمران خان اور پارٹی کے مفاد کی سب سے زیادہ مخالفت پی ٹی آئی کے اندر سے ہوتی ہے’شیر افضل مروت

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی فلاح و بہبود اور پارٹی کے مفاد میں کی جانے والی کوششوں کی سب سے زیادہ مخالفت خود تحریک انصاف کے اندر سے ہوتی ہے، بیرسٹر گوہر علی خان مسلسل مفاہمت کی کوششیں کررہے ہیں تاہم ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ان کی اپنی جماعت کے لوگ ہیں،پی ٹی آئی کے حالیہ مارچ کی ناکامی نے مستقبل قریب میں احتجاج کے امکانات بھی محدود کردئیے ہیں۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان سے ان کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں اور وہ مفاہمت کے حامی ہیں اس لیے حکومت سے رابطوں سے متعلق خبر درست ہوسکتی ہے۔

بیرسٹر گوہر وقفے وقفے سے کوشش کرتے رہتے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح عمران خان، ان کے خاندان اور پارٹی کے لیے معاملات آسان بنائے جاسکیں۔اس سوال پر کہ بیرسٹر گوہر کی مسلسل کوششوں کے باوجود مذاکرات یا مفاہمت کا عمل آگے کیوں نہیں بڑھ پاتا، شیر افضل مروت نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کے سب سے زیادہ مخالفین ان کی اپنی جماعت میں موجود ہیں۔

پی ٹی آئی کے حالیہ مارچ کی ناکامی سے پارٹی کو پہنچنے والے سیاسی نقصان کے بارے میں شیر افضل مروت نے کہا کہ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوا ہے کہ تحریک انصاف نے مستقبل قریب میں احتجاج کے راستے خود بند کردئیے ہیں،مارچ کا نتیجہ دیکھنے کے بعد اب کون تحریک انصاف کے ساتھ احتجاج کے لیے نکلنے کو تیار ہوگا؟شیر افضل مروت نے بتایا کہ وہ اپنے علاقے میں ایک بڑے اجتماع کا اہتمام کررہے ہیں جس میں جرگہ، جلسہ اور موسیقی کی محفل بھی شامل ہوگی۔اس تقریب میں تمام قبائل کو مدعو کیا جائے گا اور ان کے ساتھ مختلف معاملات پر بات چیت بھی کی جائے گی۔سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپور کو بھی تقریب میں مدعو کرنے کی کوشش کریں گے اور انہیں مہمان خصوصی کے طور پر بلائیں گے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں