ڈاکٹرعشرت العباد 18

قومی سلامتی، مسلح افواج سے یکجہتی اور امن و استحکام کا قیام ناگزیر ہے، عشرت العباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سنگین چیلنجز کے تناظر میں قومی سلامتی، مسلح افواج سے یکجہتی اور امن و استحکام کا قیام ناگزیر ہے۔ موجودہ نازک حالات میں پوری قوم کو اتحاد، یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح افواج اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔اپنے بیان میں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری ہر چیز پر مقدم ہے۔

سیاسی اختلافات کو قومی یکجہتی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، بلکہ تمام سیاسی جماعتوں اور قومی قیادت کو باہمی مشاورت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ قومی مفادات کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ سے متعلق صورتِ حال کے تناظر میں کراچی سمیت شہری علاقوں میں حکومتی عمل داری، قانون کی بالادستی، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی بہتری اہمیت رکھتے ہیں۔ ریاستی اقدامات آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہییں تاکہ عوام کا اعتماد مضبوط ہو اور شہری خود کو محفوظ محسوس کریں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے پشاور سانحے میں بچوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی شہادت پوری قوم کے لیے بڑا صدمہ ہے۔

اس سانحے کا دکھ صرف متاثرہ خاندانوں تک محدود نہیں بلکہ پوری قوم ان کے غم میں شریک ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی نصیب کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور عام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ دہشت گردی اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مربوط تعاون اور قومی سطح پر اتحاد و اتفاق ضروری ہے۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے امن، استحکام، ترقی اور قومی سلامتی کے لیے تمام محب وطن قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ اختلافات کے باوجود قومی مفادات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ مضبوط ریاست اور پْرامن معاشرہ ہی عوام کی خوشحالی اور محفوظ مستقبل کی بنیاد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں