آصف علی زرداری 11

آصف علی زر داری کا سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی، عوام کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کا تحفظ سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیوں کا تقاضا ہے۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ کارساز کے 19 سال مکمل ہونے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں پاکستان کی قومی تاریخ کا روشن باب ہیں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو جان کو لاحق خطرات کے باوجود ثابت قدم رہیں، ان کی جرات اور قربانی جمہوریت، امن اور انصاف کے علمبرداروں کے لیے مشعل راہ ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے پْرامن، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے عزم کا سرچشمہ رہیں گی۔صدر مملکت نے سانحہ کارساز کے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں