اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ اتوار کواپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے 8 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی نمایاں کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔









