ہمایوں اختر خان 5

موجودہ عالمی کشیدہ حالات میں سیاسی جماعتوں کو تدبر ،دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا’ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی کشیدہ حالات میں سیاسی جماعتوں کو تدبر اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، مسائل کا حل محاذ آرائی نہیں بلکہ بات چیت اور باہمی مشاورت میں ہے،

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مضبوط اتحاد کی ضرورت ہے ،حلقے کے مسائل اور محرومیوں کے ازالے کے لئے ہماری بھرپور کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،عوام اب انگریز کے دور سے حلقے کی نمائندگی کی پگ پہننے والوں سے متنفر ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 97 کے دورہ کے دوران لڈو چوک کے سیاسی دفتر اور ماموں کانجن روڈ پریاسر محمود چوہان، مہر ناصر محمود بھگیلا، مہر واجد وینیوال اورحاجی احمد علی کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ کے دوران علاقہ عمائدین اور اہل علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ این اے 97 کے عوام کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے آواز متعلقہ فورمز تک پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہم اس میں کامیاب بھی رہے ہیں۔سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے کہا کہ عوام سے مسلسل رابطہ رکھنے کا مقصد ان کے مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے حل کے لیے عملی کاوشیں کرنا ہے۔

حلقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی زندگیوں میں بہتری کے لیے دستیاب وسائل کے مطابق کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔اس موقع پر علاقہ عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے حلقے کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات سے بھی آگاہ کیا۔ہمایوں اختر خان حلقے میں انتقال کر جانے والے افراد کے گھروں میں بھی گئے جہاں انہوںنے اظہار تعزیت اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں