ڈاکٹر فاروق ستار 11

فاروق ستار کا سوامی نارائن اور نارائن پورہ مندروں کا دورہ، ہندو برادری کو مبارکباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے سوامی نارائن مندر، پاکستان چوک اور نارائن پورہ مندر، رنچھوڑ لائن کا دورہ کیا اور ہندو برادری کو ان کے مذہبی تہوار پر دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر سوامی نارائن مندر میں ہندو برادری کے معززین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہندو برادری کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے برادری کو بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔

ہندو برادری کے معززین، جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، نے ڈاکٹر فاروق ستار کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنی خوشیوں میں شریک ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما کامران فاروقی، سی او سی کے رکن عمر فاروق، برنس روڈ ٹاؤن آرگنائزر عرفان اللہ خان، اقلیتی امور کے انچارج پترس یوسف، ٹاؤن کمیٹی کے اظہر نور، عمران چشتی، ندیم دہلوی، رنچھوڑ لائن کے جوائنٹ سیکٹر انچارج علی سومی، مبین اور سیکٹر، یونٹ اور اقلیتی کمیٹیوں کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں