منظور وسان 277

عمران خان سیاسی سازش کے تحت سندھ حکومت پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں، منظور وسان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی مشیر زراعت منظور وسان نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یاد رکھیں سندھ کے خلاف سازش پاکستان کے خلاف سازش ہے،کیا آئی ایم ایف سے قرضہ سندھ حکومت نے لیا ہے اگر نہیں تو مہنگائی کی ذمہ دار سندھ حکومت کیسے ہے،عمران خان ہمیشہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ ہمیشہ سندھ پر گراتے رہے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں۔

جمعہ کو سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سندھ میں مداخلت کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مہنگائی ستان بنانے والے سندھ حکومت کو زخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہتے ہیں۔منظور وسان نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا ملک میں پی پی پی کی حکومت ہے، کیا ملک میں مہنگائی، منافع خوری ، بیروزگاری کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، کیا چینی چور ماسک چور ، ادویات چور سندھ حکومت ہے، ہمیں جواب دیں صرف الزام نہ لگائیں۔

مشیر زراعت سندھ کا کہنا تھا کہ کیا آئی ایم ایف سے قرضہ سندھ حکومت نے لیا ہے اگر نہیں تو مہنگائی کی ذمہ دار سندھ حکومت کیسے ہے، خان صاحب جو ڈی اے پی کھاد کی بوری 4 ہزار روپے میں ملتی تھی وہ آپ کی حکومت میں 9 سے 10 ہزار تک کسان کو مل رہی ہے،عمران خان ہمیشہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ ہمیشہ سندھ پر گراتے رہے ہیں یہ کوئی نئی بات نہیں، وزیراعظم صاحب زہر اگلنا بند کریں اور بنی گالا میں چھپے مافیاز کے خلاف کارروائی کریں، خان صاحب عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں ، لوگ آپ کواچھی طرح سے پہچان چکے ہیں،

وزیراعظم صاحب کیا قوم کو بتائیں گے کہ آپ کی وہ کونسی کسان دوست پالیسیاں تھی، ملک میں کسان رو رہا ہے ، کھاد کی قیمت میں اضافے کا ذمہ دار وفاق ہے ، گندم کی پیداوار بھی کم اترنے کا خدشہ ہے، اگر حکومت کے پاس 6.6 ملین میٹرک ٹن گندم کا اسٹاک موجود ہے تو پھر گندم باہر سے کیوں منگوا رہی ہے،عمران خان سیاسی سازش کے تحت سندھ حکومت پر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان کو سندھ فوبیا ہے، وزیراعظم صاحب یاد رکھیں سندھ کے خلاف سازش پاکستان کے خلاف سازش ہے، سندھ حکومت منافع خوروں کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف روزانہ کارروائیاں کررہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں